ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / خلیجی خبریں / حج بھون میں عازمین حج کی روانگی کیلئے انتظامات زور وشور سے جاری، مختلف محکموں کے افسران کے ساتھ روشن بیگ کی اعلیٰ سطحی میٹنگ

حج بھون میں عازمین حج کی روانگی کیلئے انتظامات زور وشور سے جاری، مختلف محکموں کے افسران کے ساتھ روشن بیگ کی اعلیٰ سطحی میٹنگ

Tue, 01 Aug 2017 22:40:06    S.O. News Service

بنگلورو:یکم/ اگست(ایس او نیوز) امسال سفر حج بیت اﷲ کیلئے بنگلور سے عازمین حج کو روانہ کرنے کیلئے حج بھون میں تیاریاں کافی زور وشور سے جاری ہیں۔ وزیر شہری ترقیات وحج اور ریاستی حج کمیٹی کے چیرمین جنا ب روشن بیگ کی سرپرستی میں حج کمیٹی کے تمام اراکین ، افسران اور رضاکاروں کی ٹیمیں اپنے اپنے کاموں میں مصروف ہوچکی ہیں۔ حج کیمپ سے جڑے انتظامات کے سلسلے میں آج حج بھون میں جناب روشن بیگ نے مختلف سرکاری محکموں اور ایرپورٹ سے وابستہ حکام کے ساتھ تفصیلی بات چیت کی۔ میٹنگ کے دوران تمام افسران نے جناب روشن بیگ کو یقین دلایا کہ حسب سابق حجاج کرام کی خدمت کیلئے جو انتظامات کئے جارہے ہیں ،اس بار بھی تمام سرکاری محکموں کی طرف سے بہتر سے بہتر انتظامات کئے جائیں گے اور حج کیمپ کے اہتمام میں مکمل تعاون دیا جائے گا۔ 

ایرپورٹ کے انتظامات:ایرپورٹ میں عازمین حج کی روانگی اور حجاج کرام کی واپسی کے مرحلے میں لگیج کی فراہمی کے سلسلے میں ایرپورٹ حکام نے بھرپور تعاون کا تیقن دیاہے۔ایرپورٹ میں قائم عارضی حج ٹرمینل میں حسب سابق تمام انتظامات کئے جا چکے ہیں۔ یہاں پر عازمین حج کی روانگی اور آمد کے مرحلے میں رضاکاروں کو خدمت انجام دینے کیلئے ضروری انتظامات کے ساتھ زم زم کے کینوں کی واپسی کے مرحلے میں عازمین کو فراہمی کیلئے خصوصی مقام کا تعین ، ہنگامی حالات میں فوری طبی سہولیات ، ڈاکٹر اور ایمبولنس کی فراہمی اور فلائٹ میں تاخیر ہونے کی صورت میں عازمین حج کو ناشتہ پانی کی اجازت دینے پر ایر پورٹ حکام نے رضامندی ظاہر کی۔ ایرپورٹ کی سیکورٹی کیلئے ذمہ دار سنٹرل انڈسٹریل سیکورٹی فورس سی آئی ایس ایف کے عہدیداروں نے بھی حج فلائٹ کیلئے ایک مخصوص ٹیم قائم کرکے سیکورٹی انتظامات کی نگرانی کرنے کا تیقن دیا۔ اس کے علاوہ ایر ٹریفک کنٹرول کے حکام نے بھی عازمین حج کی فلائٹس کی روانگی اور آمد کے مرحلے میں ہر طرح کا تعاون دینے کا وعدہ کیا۔ 

ایرانڈیا:حاجیوں کی پروازوں کیلئے ذمہ دار ایر انڈیا نے حسب ترتیب روانہ ہونے والے عازمین حج کو بورڈنگ کارڈ جلد فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی، ساتھ ہی ایرپورٹ پر لگیج طیاروں میں لے جانے اور پھر واپسی کے مرحلے میں طیاروں سے اتارنے میں احتیاط برتنے کا بھی تیقن دیا۔ حج کیمپ کے تمام شعبوں بشمول کسٹمس ، امیگریشن اور بینک کو ہر فلائٹ کا میانیفسٹ مہیا کرایا جائے گا۔ ایر انڈیا نے اڑان میں تاخیر کے مرحلے میں عازمین حج کیلئے بنگلور یا جدہ میں ناشتہ کے انتظام پر بھی رضامندی ظاہر کی ۔ حج کیمپ اور ایرپورٹ میں روانگی اور آمد کے مرحلے میں عازمین کے لگیج کو لوڈ کرنے اور اتارنے کیلئے ایر انڈیا سیٹس نے مناسب عملہ فراہم کرنے کا یقین دلایا۔ بنگلور انٹرنیشنل ایرپورٹ کے قریب موجود ٹول گیٹ کے عہدیدار جو اس میٹنگ میں موجود تھے انہوں نے عازمین حج کو لے جانے والی گاڑیوں کو بغیر ٹول کے گزرنے کی اجازت دینے پر رضامندی ظاہر کی۔ 

محکمۂ صحت:میٹنگ میں موجود محکمۂ صحت کے افسران نے حسب سابق حج کیمپ میں میڈیکل اسٹاف متعین کرنے اور مناسب مقدار میں دوائیں فراہم کرنے پر رضامندی ظاہر کی اور ساتھ ہی بتایا کہ حج کیمپ میں ضرورت پڑنے پر استعمال کیلئے دو ایمبولنس 24گھنٹے متعین رہیں گے اور عازمین حج کے بسوں کی روانگی کے بعد ایک ایمبولنس ایرپورٹ جائے گی، تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں اس کا استعمال کیاجاسکے۔ 
بینک:حسب معمول حج کیمپ کی مانند حج بھون میں بھی ایک خصوصی بینک کاؤنٹر اسٹیٹ بینک آف انڈیا کی طرف سے قائم کیا جائے گا ،تاکہ حج کمیٹی کو اگر ان لوگوں کی طرف سے رقم ادا کرنی ہے تو اسی کاؤنٹر سے اداکرسکیں۔ میٹنگ میں ڈی سی پی انٹلی جنس کی طرف سے بھی بھرپور تعاون کا تیقن دیا گیا۔ حج کیمپ میں بڑی تعداد میں روزانہ لوگوں کی آمد کو دیکھتے ہوئے نارتھ ایسٹ رینج کی پولیس نے بھرپور بندوبست کے ساتھ کسٹمس اور امیگریشن ایریا میں عام لوگوں کے داخلے پر پابندی لگانے اور ایرپورٹ روانہ ہونے والی بسوں کیلئے سیکورٹی فراہم کرنے کا یقین دلایا۔ بسوں کی روانگی اور آمد کے مرحلے میں ٹریفک کی نگرانی کیلئے بھی ٹریفک پولیس کی طرف سے انتظامات کا حکام نے یقین دلایا۔ اس میٹنگ میں جس کی صدارت جناب روشن بیگ نے کی، ریاستی حج کمیٹی کے ایگزی کیٹیو آفیسر سرفراز خان ،نوجوان قائد آر رومان بیگ، بنگلور انٹرنیشنل ایرپورٹ کے ٹرمینل منیجر نیول لیوس ،ڈپٹی جنرل منیجر امیت فوتے دار، ایرانڈیا کے اسپیشل منیجر آر کنن ، ایرپورٹ منیجر جمنا بلراج، سنتوش اے شینائی، جی سوم سندرم ، وی ستیش بابو ، سریش کمار این، پی مرلی دھر، اے ہریپا، ڈپٹی کمشنر آف پولیس ٹریفک نارتھ ایسٹ سارہ فاطمہ ، اسٹیٹ بینک آف انڈیا کی اسسٹنٹ جنرل منیجر گیتا دنیش ، بنگلور ڈسٹرکٹ سرجن ڈاکٹر انصر احمد، انائی کن ، ڈپٹی کمشنر کسٹمس ، ہرش وردھن آمرے ، اڈیشنل کمشنر کسٹمس انجنا کمار، اڈیشنل کمشنر کسٹمس تارا چند، ڈپٹی کمانڈنٹ سی آئی ایس ایف، محمد ظہیر ایر انڈیا ٹرمینل منیجر ، ڈپٹی کمشنر آف پولیس اجئے ہلوری ، کے پی روی کمار ، اڈیشنل کمشنر آف پولیس بانسواڑی، ارجن پی ہیڈ سیکورٹی پرسٹیج گروپ، اے ایم شفیع اﷲ کسٹمس ، اے اے خان، انسپکٹر سی آئی ایس ایف، جانسن جوزف امیگریشن آفیسر، سید اعجاز احمد کوآرڈی نیٹر حج کیمپ، حج کمیٹی کے اراکین ایم ایس ارشد، سید ثناء اﷲ اور دیگر موجود تھے۔


Share: